بدھ 12 فروری 2025 - 16:40
پاپ فرانسس کی تنقید پر ٹرمپ کے نمائندے کا گستاخانہ جواب

حوزہ/ امریکی حکومت کی امیگریشن پالیسی پر پاپ فرانسس کی سخت تنقید کے بعد، ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ٹام ہومن نے گستاخانہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاپ کو "اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے" اور "سرحدی قوانین کے نفاذ کو حکام پر چھوڑ دینا چاہیے۔"

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکومت کی امیگریشن پالیسی پر پاپ فرانسس کی سخت تنقید کے بعد، ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ٹام ہومن نے گستاخانہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاپ کو "اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے" اور "سرحدی قوانین کے نفاذ کو حکام پر چھوڑ دینا چاہیے۔"

پاپ فرانسس نے پیر کے روز ایک بیان میں امریکی حکومت کی جانب سے تارکین وطن کی جبری بے دخلی پر سخت اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے کہا: "ایک صحیح تربیت یافتہ ضمیر کسی ایسی پالیسی پر خاموش نہیں رہ سکتا جو غیرقانونی مہاجرین کو مجرم قرار دے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر لوگوں کو بے دخل کرنے سے انسانی وقار مجروح ہوتا ہے، اس سے خاندان ٹوٹ جاتے ہیں اور لوگ بے یار و مددگار ہو جاتے ہیں۔

اس بیان کے جواب میں ٹام ہومن، جو ٹرمپ حکومت میں سرحدی امور کے انچارج ہیں، انہوں نے پاپ فرانسس کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا: "انہیں چرچ کے معاملات پر دھیان دینا چاہیے اور ہمیں سرحدی قوانین نافذ کرنے دینا چاہیے۔"

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے پہلے ہی دن سے تارکین وطن کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کیا تھا، جن میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو بے دخل کرنے کے علاوہ امریکہ میں "پیدائش پر شہریت" والے قانون کے خاتمے جیسے سخت گیر اقدامات شامل تھے۔

ٹرمپ حکومت کی امیگریشن پالیسی کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں کی شدید تنقید کا سامنا ہے، لیکن امریکی حکام اسے قومی سلامتی اور قانونی ضوابط کا مسئلہ قرار دے رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha